کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سبی میں کالعدم تنظیموں کے 50 ارکان ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔ بھاری تعداد میں ہتھیار بھی سیکورٹی حکام کے حوالے کردیئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی، بلوچ لبریشن آرمی اور بلوچ ری پبلکن گارڈز ہے جنہوں نے فراری کمانڈر مجید ٹالانی کی سربراہی میں ہتھیار ڈال کر خود کو سیکورٹی حکام کے حوالے کیا۔ ہتھیار ڈالنے والے فراریوں میں اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ ہتھیار ڈالنے والوں کے اعزاز میں 14 اگست کو سبی کے پولیس لائن میں تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فراریوں نے اپنے ہتھیار بھی سیکورٹی حکام کے حوالے کردیا ہے۔ اسلحہ میں 50 کلو بارودی مواد ،چالیس کلاشنکوف بمعہ 100 میگیزین، 6 ہزار مختلف اقسام کی گولیاں، 30 دستی بم ، 10 بارودی سرنگیں ،6 مختلف اقسام کی رائفلیں ، 6 پستول ، دس راکٹ گولے ، دو راکٹ لانچر ،دو سو میٹر طویل پرائما کارڈ اور دیگر اسلحہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے حالیہ دورہ کوئٹہ میں پر امن بلوچستان پالیسی کی منظور دی تھی۔ منصوبے کے تحت ہتھیار ترک کرکے قومی دھارے میں شامل ہونے والے افراد کو پانچ سے پندرہ لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ ان کے بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی حکومت فراہم کرے گی۔