کو ئٹہ: بلوچستان کا تیس رکنی پارلیمانی وفد سرکاری خرچے پر امریکہ کا دورہ کرے گا۔ وفد نیویارک میں پاکستان آزادی واک میں شریک ہوگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق قائمقام اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں پارلیمانی وفد امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی دعوت پر تئیس اگست کو نیویارک میں ہونے والے پاکستان آزادی واک میں شرکت کرے گا۔صرف چار گھنٹے کے اس پروگرام میں شرکت کیلئے وفد تقریباً ایک ہفتہ امریکہ میں قیام کرے گا۔ وفد میں صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی ،سردار اسلم بزنجو ، رحیم زیارتوال اورعبیداللہ بابت کے علاوہ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع، انجینئر زمرک اچکزئی، حمل کلمتی اور دیگر اپوزیشن اراکین بھی شامل ہوں گے۔وفد میں واحد خاتون رکن راحیلہ درانی شامل ہوں گی جبکہ اقلیتی اراکین کو شامل نہیں کیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پارلیمانی وفد کے ہمراہ بلوچستان اسمبلی کے سات افسران بھی ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کیلئے پارلیمانی لیڈر کے انتخاب کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیا جبکہ باقی ناموں کا انتخاب چیف سیکریٹری بلوچستان نے کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی وفد کے امریکی دورے پر تین کروڑ روپے سے خرچہ آئے گا جبکہ وفد میں شامل ارکان کو ٹی اے ، ڈی اے کی مد میں علیحدہ سے بھی رقم دی جائے گی
پاکستان آزادی واک :بلوچستان کا تیس رکنی پارلیمانی وفد سرکاری خرچے پر امریکہ کا دورہ کرے گا
وقتِ اشاعت : August 18 – 2015