کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں زیر تعمیر سڑک پر کام کرنے والے چار مزدوروں کو گاڑی سمیت اغواء کرلیا گیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق مزدوروں کو کیچ کے نواحی علاقے دشت میں پل نمبر11کے قریب سے اس وقت اغواء کیا گیا جب وہ ڈمپر گاڑی میں تربت سے میرانی ڈیم کی طرف جارہے تھے۔ اغواء کار ڈمپر گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ مزدوروں میں کوئٹہ کے رہائشی منشی یحییٰ خان اور جمعہ خان ، وزیرستان کے رہائشی گل خان اور بخت اللہ شامل ہیں۔مزدور زیر تعمیر گوادر کاشغر شاہراہ پر کام کررہے تھے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق چاروں مزدورعسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ٹھیکیدار آغا گل کے ساتھ کام کرتے تھے۔