کوئٹہ: گوادر میں نامعلوم افراد نے دکان پر دستی بم حملہ کردیاجس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ گوادر کے علاقے ایئر پورٹ روڈ پر دشتی بازاور ملا فاضل چوک کے درمیان واقع چیف لکی ٹیلر ماسٹر نامی درازی کی دکان پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو دکان کے اندر گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ حملے میں دکان میں موجود رمیش اور سورج ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی موتی اور مکیش زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد موٹر سائیکل سوار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال گوادر منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق سندھ کے ضلع سانگھڑکی تحصیل کپرو کی ہندو برادر ی سے ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں پولیس اور حساس ادارے نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا گیا ۔مقابلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو ا۔ پولیس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً ایک بجے پولیس تھانہ سریاب کی حدود میں کرانی روڈ پر کلی جیو میں زنگی نالہ کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا ۔ دہشتگرد انگور کے باغ سے ملحقہ ایک ٹیوب ویل میں چھپے ہوئے تھے۔ پولیس ،انٹی ٹیررسٹ فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ حساس ادارے کے اہلکاروں نے بھی سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔ اس دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبا دلہ ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔ اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیاگیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو ا۔ ہلاک دہشتگرد کی لاش سول اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت منور عرف منا قلندانی ولد محمد عمر سکنہ کیچی بیگ کے نام سے ہوئی جبکہ ملزم کے گرفتار ساتھی شیخ کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول بھی برآمد کئے گئے ۔ایس پی سریاب ظہور احمد آفریدی کے مطابق ہلاک اور گرفتار دہشت گرد ایک ماہ قبل کلی جیو اور بشیر چوک کے قریب ان کی گاڑی اور پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھے ۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکار اور ایک خاتون جاں بحق ہوئے تھے جبکہ ایک دہشتگرد بھی ہلاک ہوا تھا۔ ایس پی سریاب نے بتایا کہ ایک ماہ قبل فائرنگ کے تبادلے میں ملزم منور عرف منا قلندرانی بھی فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا تھا جسے اس کے آج گرفتار ہونے والے ساتھی شیخ نے پناہ دی تھی۔ دونوں ملزمان پر سریاب پولیس تھانے میں پولیس اہلکاروں پر حملوں کے چار مقدمات درج تھے۔ علاوہ ازیں خاران کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 6مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتارکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو خاران کے علاقے لجہ میں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 6مشتبہ افراد کواسلحہ سمیت گرفتارکرلیا۔ ایف سی نے گرفتار مشتبہ افراد سے تفتیش شروع کردی۔ علاو ہ ازیں بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں سیکورٹی فورسز کے عملے نے تخریب کاری کامنصوبہ ناکام بناتے ہوئے سڑک کے کنارے نصب تین کلووزنی بم ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیایہاںآمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے تخریب کاری کیلئے سڑک کے کنارے نصب تین کلووزنی بم ناکارہ بناکر تخریب کاری کامنصوبہ ناکام بنادیامزیدکارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔