کوئٹہ: کوئٹہ میں فورسز کی کارروائی میں لشکر جھنگڑی کے اہم کمانڈر سمیت چار دہشتگرد ہلاک، پولیس اہلکار جاں بحق، پنجگور میں راکٹ باری، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد ونصیرآباد میں بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود برآمد، تخریب کاری کی کوشش ناکام، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم مذہبی تنظیم لشکر جھنگوی کے اہم کمانڈر اپنے ساتھیوں سمیت کوئٹہ سے مستونگ فرار ہورہا ہے جس پرحساس ادارے اور فرنٹیئر کور کی اسپیشل آپریشن ونگ نے کوئٹہ مستونگ شاہراہ کی ناکہ بندی کی۔ میاں غنڈی کے مقام پر سیکورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان آمنا سامنا ہوا ۔ اس دوران دونوں اطراف سے فائرنگ ہوئی جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ اطلاع ملنے پر فورسز کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور دہشتگردوں کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہواجسے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ آخری اطلاعات تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ دریں اثناء کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں کراچی روڈ پر واقع نوشکی اڈے کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر علی نواز کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش بولان میڈیکل کمپلیکس پہنچادی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو سر میں تین گولیاں ماری گئی ہیں۔ واردات میں نائن این ایم پستول کا استعمال کیا گیا۔ اے ایس آئی علی نواز شالکوٹ تھانے میں تعینات تھا اور گھر سے ڈیوٹی پر جاررہاتھا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے تین مشتبہ افرا دکو حراست میں لے لیا۔ ادھر پنجگور میں نامعلوم سمت سے دو راکٹ سکیورٹی فورسز کے کیمپ کے قریب فائر کئے گئے جو رخشاں ندی میں گر کر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے ذرائع کے مطابق کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی ، نصیرآباد اور جعفرآباد میں پولیس ، ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائیوں میں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرکے دہشتگردی کی کوششیں ناکام بنادیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے گوٹھ عرض محمد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور پندرہ کلودھماکا خیزمواد ، چار ڈیونیٹر، ایک ریموٹ کنٹرول اور اٹینا برآمد کرلیا۔ ایف سی ترجمان کا کہنا ہے کہ 25اور26اگست کو دہشتگرد دھماکا خیز مواد سیکورٹی فورسز اور گیس پائپ لائنوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کرنا چاہتے تھے تاہم ایف سی اورحساس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ ڈیرہ بگٹی ہی کے علاقے جانو بیڑی میں ایف سی اور حساس ادارے نے 30کلو گرام بارودی مواد اور ایک پریشر بٹن برآمد کرلیا۔ دریں اثناء جعفرآباد جعفرآباد کے پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار تھانہ کی حدود قیدی شاخ کے مقام پر نامعلوم تخریب کاروں نے سڑک کے قریب ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا۔ شہریوں کی اطلاع پر حساس ادارے ، ایف سی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیکر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق چھ کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنادیا گیا ۔بم پھٹنے کی صورت میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوسکتا تھا۔ واقعہ کے بعد شہر میں سیکورٹی سخت کردی گئی۔ ادھر ضلع نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے قریب گوٹھ فیصل کھوسہ میں حساس ادارے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی اور سڑک کنارے نصب بیس کلو وزنی دھماکا خیز مواد برآمد کرکے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی۔