کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایف سی نے سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے آٹھ ملزمان کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا، کالعدم تنظیم کے تین ٹھکانوں کو تباہ کرکے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مود اور اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان میں کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی کا اہم کمانڈر رند علی عرف چھیلا ریش بھی شامل ہیں۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقوں درینجن نالہ، رستم دربار ، ہفت ولی دربار کے علاقوں میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جس میں ایف سی کے سینکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا اور انہیں ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد حاصل تھی۔ سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر رند علی عرف چھیلا ریش سمیت آٹھ ملزمان مارے گئے۔ جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ آپریشن کے دوران تین فراری کیپموں کو بھی تباہ کردیا گیا۔ جبکہ تیس کلو دھماکہ خیز مواد ، پانچ کلاشنکوف، دو دیسی ساختہ بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک و گرفتار ملزمان نواب اکبر بگٹی کی برسی کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم چھیلا ریش کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی کا انتہائی اہم کمانڈر 2006ء سے سیکورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ چھیلا ریش ڈیرہ بگٹی اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بم دھماکوں ، سیکورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی درجنوں کاروائیوں میں ملوث تھا۔