|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2015

کوئٹہ :  بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فورسز کی کارروائی ‘اغواء نما گرفتاریوں اور مسخ شدہ لاشوں کو پھینکنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے گزشتہ دنوں کوئٹہ، پنجگور، قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں سے درجنوں نہتے بلوچ فرزندوں کو اغواء کرنے کے بعد لاپتہ کیا گیا ہے جب کہ کئی معصوم بلوچ نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں بھی پھینک دی گئی ہیں شیرمحمد بگٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں فورسز نے کارروائی کے نام پر بلوچ آبادیوں پر ظلم و جبر شروع کررکھا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ افراد کو اغواء کرکے لاپتہ کردیا گیا ہے اسی طرح فورسز نے پنجگور میں نہتے بلوچ آبادیوں پر دھاوا بول کر دو بلوچ فرزندان کو شہید جبکہ بارہ کو اغواء کرلیا ہے انہوں نے کہا کہ لاپتہ بلوچ کی گولیوں سے چھلنی مسخ شدہ لاشوں کو پھینکنے کا سلسلہ بھی جاری ہے سوراب اور بسیمہ کے درمیانی علاقے سے چار مسخ شدہ لاشیں برآمد کی گئی ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ لاپتہ بلوچ فرزندان کی ہیں ترجمان نے کہا کہ ریاست بے گناہ بلوچوں کے خلاف مظالم کرکے یوم دفاع منارہی ہے جو کہ انسانیت کے خلاف ایک گھناونا مذاق ہے کوئی بھی ملک نہتے شہریوں پر بمباری اور ریاستی بربریت کرکے یوم دفاع نہیں مناتی، ایسا کارنامہ صرف ریاست میں انجام پذیر ہوسکتا ہے۔