|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان کے سرحدی شہر تفتان سے ملحقہ ایرانی علاقے میں ایرانی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں آٹھ منشیات سمگلر ہلاک ہو گئے۔ایرانی حکام کے مطابق منشیات کے اسمگلر پاکستانی علاقے سے ایران میں غیر قانونی طور پر داخل ہورہے تھے۔ سرحد پر ایرانی بارڈر فورس اور منشیات اسمگلروں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں راکٹ لگنے سے منشیات اسمگلروں کی ایک گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار آٹھ منشیات اسمگلر ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں منشیات بھی برآمد کرلی گئی۔ ڈپٹی کمشنر چاغی خدائے نظر بڑیچ نے بھی واقعہ کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ایرانی حکام نے واقعہ سے متعلق چاغی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ واقعہ ضلع چاغی کے علاقے تفتان سے ملحقہ پاک ایران سرحد پر بارڈر پلر نمبر 71کے قریب پیش آیا۔ پاکستانی انتظامیہ کے اہلکاروں نے بھی جائے وقوعہ اور لاشوں کا معائنہ کیا جس کے بعد ایرانی حکام لاشیں اپنے ساتھ لے گئے۔ ہلاک ہونے والوں اسمگلروں میں پانچ کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی سرحدی شہر تفتان سے ہے جبکہ تین ایرانی باشندے تھے۔