|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تاہم پائلٹ محفوظ رہا۔پاک فضائیہ کے حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح نو بجے کے قریب کوئٹہ سے ملحقہ ضلع مستونگ کی حدود میں پیش آیا۔فضائیہ کے ایف سیون پی جی طیارے نے کوئٹہ کے سمنگلی ایئر ایئر بیس سے اڑان لی تھی مستونگ کی حدود میں طیارے کے انجن نے فنی خرابی کے باعث کام کرنا چھوڑ دیا اور مستونگ شہر سے تقریباً بیس کلو میٹر دور شیریں آب صدیق آباد کے مقام پر کھلے میدان میں گر کر تباہ ہو گیا ۔تاہم پائلٹ نے پیر اشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر جان بچائی ۔پاک فضائیہ حکام کے مطابق حادثے میں فلائٹ لیفٹیننٹ یاسر محفوظ رہا ۔اطلاع ملتے ہی ائیر فورس ،فرنٹیئر کور ، پولیس ، لیویز اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے طیارے کے ملبہ تحویل میں لے لیا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا تاہم حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔