کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پشین میں پاک افغان سرحد پر کسٹم انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ سو ٹن یوریا کھاد برآمد کرلیا۔ کارروائی میں ستائیس افراد گرفتار بھی کئے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کوئٹہ انعام اللہ وزیر کے مطابق یوریا کھاد پاکستان سے غیر قانونی طور پر افغانستان سمگل کی جارہی تھی۔ کسٹم انٹیلی جنس نے خفیہ اطلاع پر پاک افغان سرحد پر پشین کے علاقے کدنی کے مقام پر کارروائی کی اور بیس ٹرکوں کو تحویل میں لیکر یوریا کھاد کی نو ہزار بوریاں برآمد کرلیں۔ ان بوریوں میں پانچ لاکھ کلو گرام یوریا کھاد موجود تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس نے بتایا کہ یوریا کھاد بارودی مواد بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ گرفتار 27افراد سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے کھاد کو دیسی ساختہ بم بنانے میں استعمال کرنے کا انکشاف ہونے پر پاکستان سے افغانستان یوریا کھاد کی برآمد پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ جس کے بعد اسمگلروں کی جانب سے غیر ہموار راستوں سے کھاد افغانستان اسمگل کیا جاتا ہے۔