کوئٹہ: کوئٹہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ اور اہم سرکاری دستاویزات بنانے والے بنانے والے گروہ کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی شناختی کارڈ ، مہاجر کارڈ ،سرکاری محکموں کی جعلی مہریں اور دستاویزات برآمد کرلئے گئے۔ ایس ایچ او گوالمنڈی عبدالقادر قمبرانی کے مطابق گوالمنڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر عبدالقددوس روڈ سیگی محلہ کے گلی نمبر چار میں واقعہ ایک مکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور جعلی افغان مہاجر کارڈ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزم تاج محمد ترین ولد محمد حق سے 270جعلی پاکستانی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ،183جعلی پرانے پاکستانی شناختی کارڈ ،پانچ افغان مہاجر کارڈ ،مختلف سرکاری محکموں کی دس جعلی مہریں ، نادرا ، لوکل اور ڈومیسائل کے فارمز ، سٹامپ پیپرزاور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئے ۔ملزم کے قبضے سے چار سو سے زائد ایسے جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں جو خالی تھے اور اس کے بعد کسی کو جاری کئے جانے تھے ۔ پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے کہ اس کے گروہ میں اور کون کون ملوث تھے۔ تفتیش کی روشنی میں مزید بھی گرفتاریاں متوقع ہیں۔