کوئٹہ: کوئٹہ اور لورالائی میں سیکورٹی فورسز نے کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبے میں آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑمیں فرنٹئیرکور اور لیویز فورس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ایک گاڑی قبضے میں لے لی۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد کی گئی گاڑی کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا۔ جس سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب لورالائی کے علاقے غزگئی کیمپ میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق کے شبے میں پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار افرا د سے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔