پشاور: وزیر اعلیٰ بلوچستا ن ڈکٹر عبد المالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دو سالوں کے دوران امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانی چاہیں سیاسی جماعتوں کا محور عوام اور منزل اقتدار ہونی چاہیے عوام ہی ریاست کا سرچشمہ ہے۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں نیشنل پارٹی کے صوبائی کنونشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا واحد صوبہ ہے جو معاشی مشکلات کے باوجود اپنے کسانوں کو 14ارب کی سبسڈی دے رہی ہے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے 200سے زائد چھوٹے ڈیموں کی فزبیلٹی رپورٹ تیار ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ پولیس تعلیم اور دیگر محکموں میں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتیاں کی جارہی ہیں کوئٹہ کے بازار رات گئے تک کھلے رہتے ہیں اور لوگ بازاروں میں کاروبار زندگی میں مصروف ہوتے ہیں ۔ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے کہا کہ فکری جماعت ہونے کی حیثیت سے نیشنل پارٹی جاگیردرانہ ، طبقاتی اور آمرانہ نظام کے خلاف ہے ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کے وسائل عوام پر خرچ ہوں لیکن ایسا نہیں ہورہا ہے انا پرستی اور سیاسی مصلحتوں سے نکلنا ہوگا نوجوان نسل کو منظم کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ آج ہم فخر محسوس کرسکتے ہیں کہ بلوچستان کے اداروں میں سیاسی مداخلت بند کردی گئی ہے پولیس اور تعلیم کے پانچ ہزار سے زائد پوسٹوں پر این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہورہی ہے دو سال قبل بلوچستان میں 72اغواء کار گروپ منظم تھے ان کا خاتمہ کردیا گیا ہے پہلے مہینے میں دو تین خودکش حملے ہوتے تھے۔ اب ان کا خاتمہ ہوچکا ہے اپنی حکومت کو چلانے کیلئے ہم نے کسی گینگ کا سہارا نہیں لیا ۔ہم واضح کرتے چلے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں اتحادیوں کے ساتھ حکومت چلا رہی ہے۔علاوہ ازیں میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ بندوق کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا، طاقت سے محبت نہیں بلکہ نفرتیں پھیلتی ہیں، انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور مذہبی جنونیت کے سامنے عوام کو متحد کر کے ہی اس دلدل سے نکالا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی خوشحالی اور ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا ورنہ استحصال پر مبنی نظام اور انتہا پسندی اسی طرح خون بہا تھا رہے گا۔ کنونشن سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ، صوبائی صدر مختیار باچا، سینیٹر کبیر محمد شہی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعدا زاں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے نیشنل پارٹی پختونخوا کی نو منتخب صوبائی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔