کوئٹہ: مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر چیف آف جھالاوان سینئر صوبائی وزیرنواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ مری معاہدہ ایک مسلّمہ حقیقت ہے جس میں تین جماعتوں کے اکابرین کے دستخط موجود ہیں ۔ وقت مقررہ پر مری معاہدہ کے تحت وزارت اعلیٰ کی تبدیلی عمل میں لائی جائیگی ۔ اور انشاء اللہ ہم صوبے کے عوام کی خدمت کا ایسا اعلیٰ نمونہ پیش کریں گے کہ جسے تاریخ میں ناقابل فراموش دور کے طور پر یاد رکھا جائیگا ۔ صوبے میں خوشحالی آئیگی امن کا سورج طلوع ہوگا ۔ناراض لوگوں سے مذاکرات کیلئے عملی اقدامات کا آغاز ہوگا۔ کامیاب مذاکرات کی صورت مین جلد عوام کو خوشخبری بھی دیں گے ۔انہوں نے یہ بات این این آئی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر سینئر صوبائی وزیر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ قبائلی گرینڈ جرگہ بہت جلد بلا جائیگا ۔ جس میں بلوچستان سمیت سندھ و پنجاب کے قبائلی عمائدین شرکت کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مری معاہدہ حقیقت ہے ۔جس میں تین جماعتوں کے قائدین کے باقاعدہ دستخط ہیں۔مری معاہدہ کے تحت رواں سال ہی میں وزارت اعلیٰ مسلم لیگ (ن)کو ملنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام خوشحالی و صوبے کے عوام کیلئے گوڈ گورننس کا بہترین فارمولا پیش کرنا ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے انشاء اللہ اپنے ان عزائم میں توقعات سے بڑھ کر کامیا ب ہونگے ۔اس تبدیلی کو بلوچستان کے عوام بہتر انداز میں محسوس کریں گے۔لوگ دیکھیں گے ہم نے جو وعدے ان سے کئے ہیں ان پر عمل کر کے صوبے سے احساس محرومی کا خاتمہ کریں گے۔ہماری ترجیحات میں صوبے میں افہام و تفہیم کا ماحول قائم کرنا بھی ہے ا س سلسلے میں ہم ناراض بھائیوں سے مذاکرات کا آغاز کریں گے اور جلد ہی انہیں منانے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے ۔ ۔چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایاکہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن)متحد و منظم ہے۔ تمام معاملات باہمی رائے و مشاورت سے طے پائے جاتے ہیں ۔ سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے اسپیکربلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے گھر پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بزدلانہ فعل اور بلوچی روایات کے خلاف عمل ہے ۔چادر و چاردیواری کے تقدس کو پائمال کرنا کوئی مذہب اجازت نہیں دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسپیکر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے گھر پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے حرم شریف میں کرین گرنے سے عازمین حج کی شہادت کو المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس وقعہ نے پوری اسلامی دنیاء کو غم زدہ کردیا ہے اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ انہیں جنت الفردو میں اعلیٰ مقام نصیب عطاء فرمائے اور جتنے زخمی ہیں انہیں اللہ تعالیٰ تندرستی سے فیضیاب فرمائیں ۔