کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پر راکٹوں سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق پنجگور میں واقع فرنٹیئر کور بلوچستان پنجگور رائفلز کے ہیڈ کوارٹر پر نامعلوم افراد نے مشرقی سمت سے یکے بعد دیگرے چھ راکٹ کے گولے داغے جو کیمپ کے اندر کھلے میدان میں گر کر دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زوردار دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ راکٹ داغنے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ایف سی اہلکاروں نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ کے قریب راکٹ حملہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اطلاعات کے مطابق تربت کے علاقے میرانی ڈیم کے قریب سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب ایک راکٹ زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔دریں اثناء بلوچستان کے ضلع گوادر اور خضدار میں سیکورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے دہشتگردی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے شبے میں بارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ بعض گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق خضدار سے تقریباً پچیس کلو میٹر دور فیروز آباد میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور لیویز نے جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران چھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں فیروز آباد کے رہائشی نبی بخش،عبدالکریم،نصر اللہ اور احمداقوام مردوئی اور افغانستان کے رہائشی باز محمدکاکڑ اوردوست محمدکاکڑ شامل ہیں۔ دونوں افغان افغان باشندے غیر قانونی طور پر خضدار میں مقیم تھے۔ ادھر گوادر کے مختلف علاقوں میں ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان سے دو پستول اور ایک رائفل بھی برآمد کی گئی۔ گرفتار افراد پر تخریب کاری اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا شبہ ہے اور انہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔