|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2015

صوبائی چیف سیکرٹری نے کوئٹہ میٹرو پولٹین کارپوریشن اور دوسرے متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایات دی ہیں کہ بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں اور ان تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیں جو مختلف بلڈنگز اور پلازوں کی صورت میں شہر بھر میں تعمیر کیے گئے ہیں ۔ خصوصاً ان حصوں کو جہاں پر بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایات جاری کیں کہ ان اسپتالوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جہاں پر اسپتال توتعمیر ہوئے مگر کار پارکنگ کے لئے جگہ نہیں بنائی گئی اور لوگ خصوصاً مریض اپنی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کرتے ہیں جس سے آئے دن ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے ۔ تمام بڑی بڑی بلڈنگوں میں کارپارکنگ کی مناسب سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے ۔ چیف سیکرٹری نے یہ ہدایات اس بات کے پیش نظر دی ہیں کہ کوئٹہ زلزلہ کے زون پر واقع ہے اور قدرتی آفات کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کا کم سے کم نقصان ہو اور یہ اس وقت ہوگا جب لوگ ‘ حکومتی اہلکار بلڈنگ کوڈ اور دوسرے متعلقہ قواتین کی پابندی کریں گے۔ گزشتہ سالوں کوئٹہ کے ایک تجارتی پلازہ میں آگ لگ گئی اس میں ہر چیز آگ میں جل کر راکھ ہوگئی ۔ مالکان نے سیاسی رہنماؤں اور وزیروں کو استعمال کیا اور یہ کوشش کی کہ حکومت ان کومکمل تاوان ادا کرے مگر اس وقت کے کمشنر کوئٹہ نے یہ موقف اختیار کیا کہ پوری تجارتی بلڈنگ یا شاپنگ سینٹر کے تعمیر کے وقت بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور اس میں فرار ہونے کے راستے نہیں بنائے گئے تھے ۔ پوری کی پوری زمین پر سو فیصد تعمیرات غیر قانونی تھی جس کی وجہ سے تجارتی پلازہ مکمل طورپر جل کر راکھ ہوگیا ایسی صورت میں ایک ذمہ دار اور ایماندار افسر نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا ارادہ کیا چونکہ پلازہ کے مالک کے تعلقات اس وقت کے صوبائی وزراء سے تھے بلکہ وہ ان کی سیاسی پارٹی کا رکن تھااس لئے مقدمے میں سرکاری مداخلت کی وجہ سے پیش رفت نہیں ہو سکی ۔ اب چیف سیکرٹری کی واضح ہدایات پر عمل کیاجائے اور ان مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں جنہوں نے بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کی اور ناجائز تعمیرات میں ملوث پائے گئے ۔ ان تمام باتوں کے علاوہ ناجائز تعمیرات کو پہلے دن ہی مسمار کی جائے ۔ ان تمام اقدامات کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور املاک کے نقصانات کو کم سے کم کرنا ہے اس سلسلے میں عوام کا تعاون حاصل کیاجائے اور اس بات کی بھی نگرانی کی جائے کہ کرپٹ اور بد دیانت اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائی جائے۔ ایک اہم ترین بات یہ ہے کہ تعمیرات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے اور اچھے معیار کا میٹریل استعمال کیا جائے ۔ بلڈنگ کی ڈیزائنگ صرف اہل ترین افراد سے کرائی جائے اور ان کو ذمہ دار قرار دیاجائے اگر تعمیرات میں نقائص نظر آئے ۔ بلڈنگ کوڈ ایک جامع دستاویز ہے اس پر مکمل طورپر عمل کیاجائے ۔ دنیا بھر میں اور خاص طور پر جاپان میں زیادہ اور بڑے بڑے زلزلے آتے رہتے ہیں مگر وہاں پر مکانات گرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ اگر ملتی ہے تو وہ بھی شاذو نادر ‘ تمام بلڈنگزاور مکانات کو نقصان نہیں پہنچتا کیونکہ وہاں پر بلڈنگ کوڈ اور دوسرے قوانین پر سختی سے عمل بھی ہوتا ہے اور عوام الناس کا ہر طبقہ اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھاتا ہے ۔ اس لئے وہاں زلزلہ کی وجہ سے اموات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ لہذا یہ ضروری ہے کہ کوئٹہ میں جاپان طرز کی منصوبہ بندی کی جائے ۔ کسی کو جاہلیت کا مظاہرہ کرنے نہ دیا جائے کہ وہ غیر معیاری تعمیرات میں ملوث ہوں ۔