|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2015

کوئٹہ: لسبیلہ ، پشین ، چاغی میں میں ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے علاقے وندر میں بریدہ کیمپ کے قریب تیز رفتار مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا ۔ حادثے میں دو خواتین سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی۔ زخمیوں کو کوسٹ گارڈ بریدہ کیمپ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد حب کے جام غلام قادر اسپتال اور کراچی منتقل کیا گیا ۔ دریں اثناء پشین کے علاقے یارو میں ریلوے پھاٹک کے قریب وٹز گاڑی اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد سید عبدالباقی ولد عبدالقدوس اور اس کی اہلیہ رحمت بی بی اورسید حیدر علی ولد عبدالباری جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ ایک شخص ممتاز ولد عبدالباقی زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق پشین کے علاقے کلی کاکازئی سے بتایا جاتا ہے ۔ ادھر ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے مغرب کی جانب 50 کلومیٹر دور توزگی کے قریب ایل پی جی ٹریلر تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا جس کے نتیجے میں سوار دو موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔ ٹریلر کوئٹہ سے تفتان جارہا تھا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت پشین کے رہائی محمد شعیب ولد شکر اللہ او رعین الدین ولد بسم اللہ جاں بحق جبکہ زخمی کی شناخت نصیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی کو طبی امداد کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ادھر ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والا سیب سے لدا ٹرک تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔ حادثے مین ڈرائیور محمدعثمان ولد محمد سلیمان اور اس کا ساتھی محمد دینو ولد علی محمد سکنہ سکھر زخمی ہوگئے۔