کوئٹہ: کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں بینک ڈکیتی کی کوشش کرنے والے ایک ڈاکو مقابلے میں مارا گیا،دوسرے نے پولیس گھیرے میں آنے پر خودکشی کرلی۔ فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ پیر کو اس وقت پیش آیا جب پولیس جیکٹ پہنے دوڈاکوؤں نے کچلاک بازار میں واقع نیشنل بینک میں گھس کر ڈکیتی کر نے کی کوشش کی ۔بینک کے سیکورٹی گارڈ نے مزاحمت کی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ کی زد میں آکر بینک ایک شہری اکبر خان مروت زخمی ہوگیا جو اپنے والد ریٹائر ڈ پولیس اے ایس آئی عجب خان کی پنشن نکلوانے بینک آیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا ۔ ناکامی پر دونوں ڈاکو فرار ہو گئے تاہم بروقت اطلاع ملنے پر ایس ایچ او نیو کچلاک ایس آئی طالب حسین بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور تعاقب کرتے ہوئے ایک پہاڑی علاقے میں دونوں ڈاکوؤں کو گھیرے میں لے لیا ۔ پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو پہاڑی پر چڑھ گئے ۔ پولیس نے انہیں چاروں طرف سے گھیرے لیا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈاکو نے فرار کی تمام راہیں مسدود ہونے پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کے بعد ڈاکو پہاڑی سے گر کر نیچے آگرا۔ دوسرے ڈاکو کی لاش پہاڑی سے گدھے پر لاد کر نیچے اتاری گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے چار پستول ، ایک موٹر سائیکل، ایک پولیس جیکٹ اور ایک بریف کیس برآمد کیا گیا۔ زخمی شہری اور دونوں ڈاکوں کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں۔