|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع گوادر میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق اور 35زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 8خواتین بھی شامل ہیں۔ لیویز کے مطابق یہ خوفناک حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً دو بجے مکران ساحلی شاہراہ پر اورماڑہ کے قریب بسؤل کے مقام پر پیش آیا جہاں جیوانی سے کراچی جانے والی جاوید کمپنی کی مسافر بس نمبر CH10660 مخالف سمت سے آنے والے ٹرک TUB734سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرک اور کوچ میں سوار سات موقع پر ہی جاں بحق جبکہ36افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک نے اسپتال میں دم توڑا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز ، کوسٹ گارڈ کے اہلکار اورامدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو پاکستان نیوی کے درمان جاہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں کراچی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد میں سات افراد کی شناخت ٹرک ڈرائیور عبدالقدیر، کوچ ڈرائیور عساء ، خان محمد، رئیس ، مشتاق، نور الدین اور سکندر کے ناموں سے ہوئی ہے ۔جبکہ زخمیوں میں آٹھ خواتین زبیدہ، پروین،مریم، طیبہ، عاصمہ،سمیرا، شہناز، روزینہ کے علاوہ عبداللہ، محمد رفیق، ندیم، عبدالسلام، رحیم بخش، حیات، خالد، شاہ عالم، کریم، محمد اکرم، عادل ،ظہیر،عبدالجلیل، محمد اسماعیل، سلام ، علی، شاہد،خمیسہ، سلیم، عمران، حمزہ، محمد الیاس،عارف، حمید، عثمان، نعیم، رضوان اور جمال شامل ہیں۔