|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2015

کوئٹہ: ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود سانحہ منیٰ میں لاپتہ کوئٹہ کے حاجی غلام محی الدین کا کچھ پتہ نہیں چل سکا، ایسے میں ان کے اہلخانہ غم کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے ایئر پورٹ روڈ کلی سنگین خان کے رہائشی حاجی غلام محی الدین اپنی اہلیہ ببو ، بھتیجے نظام الدین اور اس کی اہلیہ کے ہمراہ حج کا فریضہ ادا کرنے کیلئے سعودی عرب گئے تھے۔ سانحہ منیٰ کے بعد سے حاجی غلام محی الدین لاپتہ ہیں ۔ گھر میں ہر جانب پریشانی اور اہلخانہ کے چہروں پر مایوسی ہے۔حاجی محی الدین کے بیٹے عماد الدین بیٹاکا کہنا ہے کہ سات روز گزرنے کے باوجود اب تک صورتحال واضح نہیں ،سعودی کے دس ہسپتال چھان مارے لیکن کسی فہرست یا تصویر میں حاجی غلام محی الدین موجود نہیں۔حاجی غلام محی الدین کے ساتھ جانے والے چچا زاد بھائی نظام خاندان کے دو افراد کیساتھ حج کا رکن پورا کرنے کے لئے مکہ سے مدینہ چلے گئے ہیں ۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ حکومت انہیں ویزا لگوا دے وہ خود اپنے پیارے کو ڈھونڈ لیں گے۔حکومت پاکستان کی بے حسی پر حاجی غلام محی الدین کے رفقاء اور اہل محلہ بھی مایوس ہیں۔اہلخانہ کا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ پتہ چل سکے کہ حاجی غلام محی الدین شہید ہیں یا زندہ ۔