|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2015

کوئٹہ: میٹروپولٹین کارپوریشن حکام نے کوئٹہ کے باچا خان چوک پر واقع گوشت مارکیٹ کو عدالتی احکامات کے تحت سیل کردیا ۔جس کے خلاف گوشت مارکیٹ کے دکانداروں نے باچا خان چوک پر دھرنا دیا اور بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر مٹن مارکیٹ کو واپس نہ کھولا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔ باچاخان چوک پرواقع مٹن مارکیٹ کوگزشتہ رات سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں سٹی مجسٹریٹ اور اسسٹنٹ کمشنر نے دیگر عملے کے ہمراہ گوشت مارکیٹ کو سیل کردیا ۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی طارق مینگل کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مٹن مارکیٹ کو سیل کردیا ہے یہ بات درست نہیں کہ ہم نے وہاں جانوروں کی موجودگی میں مارکیٹ کو سیل کیا گیا ،تمام چیزیں نکال کر تب مارکیٹ کو سیل کیا گیا ہم عدالتی احکامات کے پابند ہیں کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئینگے ۔انتظامیہ متاثرہ دکانداروں کومتبادل جگہ دے رہی ہے۔ میئر کوئٹہ گوشت مارکیٹ کو گرا کر کثیر المقاصد عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ دوسری جانب گوشت مارکیٹ کو سیل کرنے کے خلاف متاثرہ دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے باچا خان چوک پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردیا اور دھرنا دیا انہوں نے کہاکہ ہم 1939ء سے اس مارکیٹ میں کام کررہے ہیں 1939میں قائم کی جانے والی مٹن مارکیٹ میں ہم اپناکاروبارکررہے ہیں اوراتنے سالوں سے ہماراکاروبار اسی مارکیٹ سے وابستہ ہے انتظامیہ نے رات کی تاریکی میں مارکیٹ کوسیل کردیاجبکہ ہمارے درجنوں جانوربھی اندر ہے اگرانہیں کوئی نقصان پہنچاتواس کی تمام ترذمہ داری میٹروپولٹین کارپوریشن اورمتعلقہ حکام پرعائدہوگی اگرہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔ اس موقع پرمتاثرہ تاجروں حافظ محمدانور،حاجی شہزادہ،حاجی منیر،حاجی اللہ محمد،حاجی حنیف درانی حافظ محمدطاہر،جبار،محمدخان،آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مٹن مارکیٹ میں واقع دکانوں کوذاتیات پرسیل کردیاگیاہے اورسپریم کورٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے اس سے قبل بھی میٹروپولٹین کارپوریشن انتظامیہ نے مٹن مارکیٹ کوسیل کرنے کی کوشش تاہم بعد میں معاملات کوافہام تفہیم کے ذریعے حل کیامگرگزشتہ رات اچانک مٹن مارکیٹ کوسیل کردیاانہوں نے کہاکہ میٹروپولٹین کارپوریشن کایہی رویہ رہاتوہم سڑکوں پراحتجاج کریں گے جس کی تمام ترذمہ داری حکومت وقت پرعائدہوگی مقررین نے کہاکہ 1939میں قائم کی جانے والی مٹن مارکیٹ میں ہم اپناکاروبارکررہے ہیں اوراتنے سالوں سے ہماراکاروبار اسی مارکیٹ سے وابستہ ہے ۔