|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور اور بولان میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ملزم کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا، دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق پنجگور کی تحصیل پروم میں ایف سی اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا ۔ اس دوران ملزمان اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران سنگین جرائم میں ملوث ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران چھ راکٹ گولے بمعہ چھ عدد فیوز، تین مارٹر گولے ، ایک پستول، چار عدد کمیونیکشن سیٹ اور سیٹلائٹ فوناور نفرت انگیز لٹریچر برآمد کیا گیا۔ ادھر سبی کے قریب ضلع بولان میں بالاناڑی کے باران گاؤں میں خفیہ ادارے اور فرنٹیئر کور بلوچستان سبی اسکاؤٹس کے دستوں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور ایک مبینہ شرپسند شربت خان بنگلزئی کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم کے قبضے سے چار کلاشنکوف بمعہ چھ میگزین اور11سو گولیاں، 8عددمختلف اقسام کی رائفلیں اور شارٹ گن ، ایک پستول ، تین دوربین اور تین ٹیلی سکوپ برآمد کئے گئے۔