|

وقتِ اشاعت :   October 13 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان کی خواتین اراکین اسمبلی نے مری معاہدے پر عملدرآمد کو عوامی امنگوں کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری ماحول میں سیاسی جماعتوں کے مابین ایسے معاہدات ہوتے رہتے ہیں جن پر عملدرآمد جمہوری استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے مسائل کے حل اور عوام کی طرز زندگی میں بہتری لانے کیلئے مثبت پالیسیاں اپنائے ہوئے ہیں پاکستان مسلم لیگ (ق) رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی رقیہ سعید ہاشمی نے کہا کہ سال 2013ء کے عام انتخابات کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے اپنی جماعت کی اکثریت ہونے کے باوجود قوم پرست جماعتوں کو حکومت سازی کا موقع دیا اورہم ان کے اس فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم حکومت سازی کے وقت مری میں جو معاہدہ طے پایا تھا اس کے تحت قوم پرست جماعتوں اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کو ڈھائی ڈھائی سال حکومت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے معاہدے سیاسی جمہوری استحکام کیلئے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں مری معاہدے کے حوالے سے اس بھی کوئی ابہام نہیں پایا جاتا اور ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اس پر عملدرآمد کریں گے جبکہ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بھی اس امر پراپنا واضح موقف رکھتے ہیں اور انہوں نے کبھی بھی مری معاہدے کے حوالے سے انکار نہیں کیا انہوں نے کہا کہ مری معاہدے پر عملدرآمد کے بعد ہمیں امید ہے کہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں بننے والی حکومت بلوچستان کو بہتری کی جانب گامزن کرے گی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن اسمبلی ثمینہ خان نے کہا کہ مری معاہدہ دراصل ہماری مرکزی و صوبائی قیادت کا فیصلہ تھا جس پرہم نے من و عن عملدرآمد کیا اور ڈھائی سال ہماری کوشش رہی کہ ہم حکومت کی ہر ممکن معاونت کریں مگر میں یہ سمجھتی کہ موجودہ حکومت نے اپنے اہداف مکمل کئے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی امن وامان کی صورتحال میں بہتری ضرور آئی ہے مگر اس کا سہرا کسی صورت بھی صوبائی حکومت کے سر نہیں جاتا بلکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے اب بھی ہماری یہ خواہش ہے کہ دسمبر میں آنیوالی تبدیلی کے بعد ایک ایسی ٹیم تشکیل دی جائے جو باہمی مشاورت سے بلوچستان کو بہتری کی جانب گامزن کرے اور ہمیں یقین ہے کہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری اپنی سیاسی بصیرت حب الوطنی اور جمہوری سوچ کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور دیگر صوبوں کے برابر لاکھڑا کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی کشور جتک کہا کہ مری معاہدہ ہمارے مرکزی و صوبائی قائدین نے مل بیٹھ کر کیا تھا اور اس کے تحت اتحادی جماعت کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا اپنے دوراقتدار میں انہوں نے جو کام کرنے تھے کر لئے اب آئندہ ڈھائی سال پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے گی جو بلوچستان میں ترقی خوشحالی کی نئی راہیں متعین کرے گی انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف صوبائی سربراہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری بلوچستان سے متعلق اپنی مثبت پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں اور ہماری قیادت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کو نہ صرف امن کا گہوارہ بنایا جائے بلکہ یہاں ترقیاتی منصوبوں کو احسن انداز میں سرانجام دیکر اہل بلوچستان کی طرز زندگی کو بہتر بنایاجاسکے ۔