کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور اور گوادر میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشتگردوں کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق پنجگور کے علاقے تسپ میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور کالعدم تنظیم کے ایک کیمپ کو تباہ کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی کے تین دہشتگرد مارے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور دہشتگردوں کے زیر استعمال ایک گاڑی، چار موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ اسلحہ میں ایک لائٹ مشین گن، دو کلاشنکوف، دو کلو گرام دھماکا خیز مواد، ایک دستی بم اور بارودی سرنگ بنانے والا سامان شامل ہیں۔ ہلاک ہونیو الے ملزمان کی شناخت سلیم ولد خدا بخش سکنہ چتکان، داد جان ولد جلال سکنہ تسپ ، شریف ولد نور محمد سکنہ تسپ کے طور پر ہوئی ہے۔ دوسری جانب ضلع گوادر میں بھی سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے خودکار ہتھیار اور دستی بم برآمد کئے گئے۔ ایک اور کارروائی میں ایف سی نے ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے قریب کچھی کینال میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کچھی کینال میں نصب پانچ کلو بارودی مواد، ایک پْش بٹن اور ایک عدد 107 ایم ایم راکٹ برآمد کیا گیا۔