کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے سہولت کاروں اور دہشتگردوں سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ترجمان ایف سی کے مطابق نصیر آباد کے پولیس تھانہ صدر کی حدود میں گوٹھ سونا خان میں گھر پر چھاپے کے دوران کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم امداد رند کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں ایک راکٹ گولہ، تین مختلف اقسام کی رائفلیں ،ایک پستول، درجنوں میگزین، مختلف اقسام کی سینکڑوں عدد گولیاں وغیرہ شامل ہیں۔ دوسری کارروائی سبی کے قریب ضلع لہڑی کے علاقے بختیار آباد میں کلی وزیرانی میں کی گئی ۔ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران دو ملزمان حاصل خان اور نظام الدین کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے ایک کلاشنکوف، چار رائفلیں ، ایک پستول اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ اسی طرح ضلع آوران کے علاقے ہارون دان میں مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں نفرت انگیز ریاست مخالف لٹریچر برآمد کیا گیا۔ ضلع پنجگور میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا ۔