کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمران جلد بازی میں بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کروانے کے دعوے تو کرتے ہیں لیکن عرصہ دراز گزارنے کے باوجود بلدیاتی اداروں کے سربراہان ، چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین تمام بے اختیار اور احتجاج پر مجبور ہیں حکمرانوں کی اس حوالے سے پالیسی قابل مذمت ہے انہوں نے بلدیاتی انتخابات کروانے کے دعوے تو کئے لیکن اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے 7دسمبر 2014ء کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے اب تک بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز اب تک نہیں دیئے گئے جس سے ان کی پالیسیاں واضح ہو جاتی ہیں کہ حکمرانوں کے دعوے محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے یہ جمہوریت کی بالادستی چاہتے ہیں نہ ہی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا چاہتے ہیں بلکہ تمام اختیارات کو اپنے تک محدود رکھنے ، کرپشن ، اقرباء پروری کا بازار گرم رکھنے کی پالیسیوں پر آج بھی گامزن دکھائی دیتے ہیں گزشتہ دنوں یونین کونسل کے سطح کے چیئرمینز کی پریس کانفرنس میں جن خدشات کا اظہار کیا جو موقف اپنایا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دیئے جا رہے ہیں حکمرانوں نے اس وقت عدالت عظمیٰ کے حکم کی تعمیل تو کی لیکن خلوص نیت کے ساتھ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے بجائے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں حالانکہ آئینی طور پر بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو اختیارات حاصل ہیں لیکن حکمرانوں کی کوشش ہے کہ تمام تر اختیارات صوبائی مخلوط حکومت کے پاس ہوں اور عوامی نمائندے ہیں یہ عوامی خدمت سے قاصر رہیں جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو جائیں گے تو حکمرانوں کی کرپشن کا بازار بند ہو جائے گا حکمران اب بھی عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں عرصہ دراز گزر چکا لیکن حکمرانوں کی سوچ میں تبدیلی نہیں آئی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی حکمرانوں پر واضح کرنا چاہتی ہے کہ فوری طور پر اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کریں تاکہ وہ یونین کونسل کی سطح پر عوامی خدمات اور ان کے مسائل حل کرسکیں حکمرانوں کی مزید ناروا ، ناانصافیوں پر مبنی سوچ برداشت نہیں کی جائے گی بی این پی عوامی امنگوں کے مطابق عوامی مسائل کا حل چاہتی ہے لیکن مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے کردار اور عمل میں تضاد موجود ہے عوام کو مزید طفل تسلیوں سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ بی این پی عوام کے اجتماعی قومی مفادات کے حصول کیلئے بلدیاتی نمائندوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت کرتے ہوئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی تاکہ اختیارات اور فنڈز مہیا کیا جا سکیں ۔