کوئٹہ: کوئٹہ اور چمن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ مقابلہ میں ایک ملزم بھی زخمی ہوا۔ ایس ایچ او نیو سریاب تھانہ مقبول احمد کے مطابق بلوچستان کانسٹیبلری آر آر جی گروپ (ری پیڈ رسپانس گروپ) کے حوالدار فیض اللہ ولد عبدالعلی کاکڑ کاکڑ بازار سے موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کیلئے آر آر جی لائن آرہا تھاکہ کسٹم کے قریب چار نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ سر پر گولی لگنے سے فیض اللہ کاکڑ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان ان کا پستول چھین کر فرار ہوگئے ۔ تاہم ملزمان ان کی موٹر سائیکل نہیں لے کر گئے۔پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ملزمان اور حوالدار فیض اللہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں ایک حملہ آور زخمی بھی ہوا جسے اس کے دیگر ساتھی اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ مقتول کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ فیض اللہ کو سر پر ایک گولی ماری گئی ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول ملے ہیں۔ واقعہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی۔ دوسری جانب ضلع قلعہ عبداللہ کے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں بوغرہ روڈ پر نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل پر گشت کرنے والے دو اہلکارو ں پر فائرنگ کردی۔ حملے کے نتیجے میں دونوں اہلکار سپاہی عبداللہ اور سپاہی سفر محمد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک راہ گیرامان اللہ زخمی ہوگیا۔ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو مقتول اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور لیویز نے شہر بھر کی ناکہ بندی کردی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ مقتول اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی راہ گیر کو سول اسپتال چمن لایا گیا۔ دونوں پولیس اہلکاروں کو سروں میں گولیاں ماری گئی ہیں۔ راہ گیر کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں مسجد روڈ پر دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سائیکل پر نصب دس کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا ۔صوبائی حکومت نے بم کی اطلاع دینے والے شہری کیلئے تین لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔پولیس کے مطابق مسجد روڈ پر لندن اسٹریٹ میں نامعلوم دہشتگردوں نے سائیکل پر بم نصب کرکے حاجی نواب مصالحہ شاپ کے باہر کھڑی کردی تھی ۔ ایک شہری نے سائیکل کو مشکوک جان کر پولیس کو اطلاع دی جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سائیکل کے عقبی حصے پر نصب مشکوک ڈبے کو چیک کیا تو اس میں بم برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق نو سے دس کلو گرام وزنی ریموٹ کنٹرول بم عرفان گھی کے کاٹن کے ڈبے میں چھپایا گیا تھا اور اس کے اوپر گھی کے سو ، سو گرام والے پانچ پیکٹ رکھے گئے تھے۔ مسجد روڈ پر چونکہ پرچون کی دکانیں زیادہ ہیں اس لئے دہشتگرد وں نے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکا دینے کیلئے گھی کے کاٹن کا استعمال کیا تاکہ کسی کا شک نہ جاسکے تاہم ایک شہری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کو بروقت اطلاع دی اور شہر کو بڑی تباہی سے بچایا۔ پولیس کے مطابق بم میں استعمال ہونیو الا بارودی مواد بھی غیر ملکی ساختہ ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ شہر کے گنجان علاقے میں بم کی اطلاع دینے والے شہری اور بم ناکارہ بنانے والے اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی اطلاع دینے والے شہری کو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے ۔ وزیر اعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ شہری نے بم کی فوری اطلاع پولیس کو دے کر شہر کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اگر بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ کے شہری اسی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک اشیاء کی بروقت پولیس کو اطلاع دیں تو نہ صرف ہم بڑے سانحات کو روک سکتے ہیں بلکہ قیمتی جانوں کو بھی بچایا جا سکتا ہے۔دریں اثناء فرنٹیئر کور کا قلات میں سرچ آپریشن ایک مشتبہ شخص گرفتار ڈیرہ بگٹی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئرکوراورحساس اداروں کے اہلکاروں نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے پولی میں شرپسندوں کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران شرپسندوں کے ٹھکانوں سے 40کلوگرام دھماکہ خیزمواد ،3دیسی ساخت آئی ای ڈی بمعہ ریموٹ کنٹرول ،2تیارشدہ آئی ای ڈی پائپ بمعہ ڈیٹونیٹر150بجلی کی تار،15عددریموٹ کنٹرول کے سیل،6ڈیٹونیٹربرآمدکرکے فرنٹیئرکورکے عملے نے تحقیقات شروع کردی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔فرنٹیئرکورکے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پرقلات کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران تنظیم سے تعلق کے شبے میں ایک مشتبہ شخص کواسلحہ سمیت گرفتارکرلیایہاںآمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز قلات کے علاقے مصطفیٰ آباد میں فرنٹیئرکورکے عملے نے خفیہ اطلاع پرکالعدم تنظیم کے ٹھکانوں کیخلاف سرچ آپریشن کیااس دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں ایک شخص کوگرفتارکرکے اس سے تفتیش شروع کردی ۔