گوادر : سول ہسپتال گوادر میں چند ڈاکٹروں کے سوا باقی ڈاکٹرز ڈیوٹی دینے سے قاصر ہیں تنخواہ لے کر پرائیویٹ کلینک میں ڈیوٹی دے رہے ہیں وزیر و سیکرٹری ہیلتھ نوٹس لے کر غیر حاضر ڈاکٹر وں کو معطل کردیں۔ ان خیالات کااظہار چیئرمین ہیلتھ کمیٹی میونسپل کمیٹی گوادر جبار بلوچ نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوادر میں ڈاکٹر ڈیوٹی دینے سے قاصر ہیں خاص کر گا ئینوکلوجسٹ کچھ ایم اوز اور انستیزیا کے ڈاکٹرز ڈیوٹی دینے سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر ڈاکٹر تنخواہ سرکار سے وصول کررہے ہیں اور ڈیوٹی پرائیویٹ کلینکوں میں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر روز غریب عوام علاج کیلئے دور دراز سے آکر ڈسٹرکٹ ہسپتال گوادر پہنچ کر انہیں جب پتہ چلتا ہے کہ ڈاکٹر غیر حاضر ہیں تو وہ مایوس ہو کر بھاری کرایہ دے کر واپس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان نے چند ڈاکٹروں کی ڈیوٹی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں لگادی ہے اورنوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے لیکن ان میں سے ایک دو کو چھوڑ کر باقی ڈاکٹر گوادر آنے اور ڈیوٹی دینے سے انکاری ہیں۔ جبار بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر صحت و سیکرٹری صحت ان ڈیوٹی نہ دینے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے انہیں فوری طورپر معطل کریں اور ان کی جگہ نئے ڈاکٹر ز بھرتی کئے جائیں بصورت دیگر ہیلتھ کمیٹی دوبارہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی ۔