کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بدھ کے روز بل اینڈ ملینڈہ گیٹس فاؤنڈیشن(Bill & Melinda Gates Foundation) کے سینئر پروگرام آفیسربرائے پولیو ڈاکٹر وقار اجمل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد نے پولیو کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس سلسلے میں در پیش مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لئے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں، حکومت پولیو سمیت بچوں کے دیگر موذی امراض کے تدارک کے لئے بھی سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے، حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری ہسپتالوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور اسپشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی کو بھی یقینی بنا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کے علاوہ محکمہ صحت میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبے کے جن اضلاع میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں مذکورہ علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ موجودہ مخلوط حکومت بچوں میں پولیو اور دیگر امراض کے خاتمے اور روک تھام کے لئے صحت کے عالمی اداروں کے ساتھ مل کر ہر ممکن کوششیں کرتی رہے گی ، بلوچستان کی منتشر آبادی طویل رقبہ ہونے کے باوجود حکومت تمام بچوں تک رسائی کے لیے ٹھوس اور موثر حکمت عملی بنا چکی ہے تاکہ صوبے کو پولیو اور دیگر موذی امراض سے پاک کیا جاسکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر وقارا جمل نے صوبائی حکومت کی شعبہ صحت کی بہتری اور پولیو کے خاتمے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی تعریف کی ، اس موقع پر سیکرٹری صحت نور الحق بلوچ بھی موجود تھے۔