کوئٹہ : مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر سینئر صوبائی وزیر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ امن پاکستان کے مقدر میں لکھا گیا ہے اب ہر سمت وطن عزیز میں امن قائم ہو کر رہیگا ۔ پاک فوج نے قوم کے ساتھ ملکر دہشت گردی کے خلاف جو جنگ لڑی ہے اس کے نتائج کامیابی کی صورت میں سامنے آچکے ہیں ۔ قوم نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ آخری دہشت گرد تک یہ جنگ جاری رہیگی ۔ ضرب عضب، قومی ایکشن پلان جیسے اہم وقومی فیصلوں نے ملک کو شورش زدہ ماحول سے نکال کر امن و عافیت کے ماحول سے نوازا ہے جو قوم کے لئے کامیابی کی نوید ہے ۔ یوم عاشورہ ہمیں بھائی چارگی اتحاد و اتفاق کی سبق دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بڑے فیصلے قوموں کی تاریخ بن جاتی ہیں ۔ قیادت نے ضرب عضب اور قومی ایکشن جیسے اہم فیصلے کئے اس کے نتائج امن جیسی خوشخبری کے سامنے بہت جلد قوم کو ملے ۔ اب دہشت گرد جاتے جاتے قوم کو اپنے بزدالانہ دہشت گردانہ فعل سے خوف میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ناکامی اور رسوائی کے ماسو کچھ بھی نہیں ملیگا ۔ دہشت گردی اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دیتی ۔پھر بے گناہ لوگوں کو مارنا کہاں کا انصاف ہے ۔ دہشت گردی میں مبتلا قوم گزشتہ دوسالوں کے دوران اس دہشت گردی سے کافی حد تک نکل چکی ہے اور مستقبل میں پاکستان سب سے پُرامن ملک کے طور ابھر کر سامنے آئیگا۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ امن کے لئے پاک فوج کی قربانیاں لازوال اور ناقابل فراموش ہیں آج قوم پاک فوج کی قربانیوں دیکھتے اور یاد کرتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں نڈر اور بہاد رجیسی افواج سے نواز ا ہے ۔ پاک افواج کی بہادری کی مثال نہ صرف وطن عزیز کے باشند ے بلکہ پوری دنیا دیتی ہے ۔ امن میں ایف سی ،پولیس ، لیویز سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ فرنٹیئر کور نے بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے بھی بہت بڑی قربانی دی ہے ۔ آج بلوچستان میں لوگ سکون کی زندگی بسر کررہے ہیں اس کا کریڈیٹ ایف سی سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کو جاتا ہے ۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ یوم عاشور ہ ہمیں بھائی چارگی عزم استقلال اور اتحاد و اتفاق کی سبق دیتا ہے دسویں محرم کی بہت بڑی فضیلت ہے جب نواسارسول صلی اللہ علیہ وسلم نے قربانی دیکر رہتی دنیاء تک تاریخ رقم کردی ۔ان کی اس قربانی کو ہم مشعل راہ بنا کر معاشرے سے اختلاف ، نفرتوں اور بغض و عناد کا خاتمہ کرکے ایک اچھا معاشرہ قائم کرسکتے ہیں ۔