ورجینیا: امریکی وزیر دفاع ایشن کارٹر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کی دعوت پر پینٹاگون کا دورہ کیا جہاں امریکی وزیر دفاع نے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم کا خود استقبال کیا۔ اس موقع پر امریکی وزیر دفاع نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں علاقائی امن اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاع معاہدوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وزیر دفاع کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، اس موقع پر طارق فاطمی، جلیل عباس جیلانی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے امریکی صدر باراک اوباما سے بھی ملاقات کی جس میں خطے میں پائیدار امن اور سیکیورٹی کے لئے مشترکہ شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کر کے پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت انھیں فراہم کئے تھے۔
دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امریکی وزیر دفاع
وقتِ اشاعت : October 23 – 2015