|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2015

واشنگٹن: امریکی خاتون اول مشعل اوباما نے پاکستانی خاتون اول کلثوم نواز اور مریم نواز شریف سے ملاقات کی اور امریکا کی جانب سے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے فنڈز کو دو گناہ بڑھانے کا اعلان کیا۔ وائٹ ہاوس میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں کلثوم نواز اور مریم نواز نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشعل اوباما نے بیگم کلثوم نواز اور مریم نواز کا شاندار استقبال کیا، تقریب سے خطاب کے دوران امریکی خاتون اول کا کہنا تھا کہ خواتین کی ترقی کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا اور امریکا گلوبل گرلز ایجوکیشن پروگرام کے تحت پاکستان کو فنڈز دے رہاے اور اسے دوگناہ کر دیا گیا ہے جس سے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔ گلوبل گرلز پروگرام کے ذریعے لڑکیوں کے لئے تربیت اور صحت سے متعلق متعدد پروگرام بھی شروع کئے جائیں گے۔ مریم نواز کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کر کے بہت خوشی ہوئی، خواتین قوم اور ملک کا مستقبل ہو اکرتی ہیں، پوری دنیا میں خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں حکومت سنبھالنے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، ترقی کے لئے لڑکیوں کو باشعور بنانا بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے پاکستان میں مختلف پروگرامز پر کام ہو رہا ہے، پاکستان میں ہر بچی کے اسکول جانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔