چمن : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان ودان ، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صوبائی وزیر ترقیات ومنصوبہ بندی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے چمن کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیمات کا افتتاح کیا ۔ جن میں کلی ملک غلام محمد لنڈی کاریز کی بنیادی ہیلتھ مرکز ، لیبر روم اور ہائی سکول میں نئے ہال ، سنزلہ کاریز میں ہائی سکول کی نئی عمارت ، کلی رحمن کہول میں مڈل سکول کے افتتاح ، کلی ابتو کاریز میں نئے بنیادی ہیلتھ مرکز ، کلی ابتو کاریز میں مڈل سکول شامل تھے ۔ اس موقع پر پشتونخوامیپ کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری حاجی صحبت خان اچکزئی ، مےئر صلاح الدین خان اچکزئی ، حاجی جمال خان ، عبدالحلیم پہلوان اور حاجی فیض اللہ خان بھی ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر منعقدہ عوامی تقریبات سے رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان ودان ، صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ ملک میں قومی بالادستی کے خلاف جدوجہد کررہی ہے اور ملکی سطح پر اور صوبے میں قومی برابری کیلئے اپنے اہداف کی جانب کامیابی سے گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شمار ی بنیادی مسئلہ ہے اورپشتونخوامیپ صاف اور شفاف مردم شماری پر یقین رکھتی ہے کیونکہ صحیح مردم شماری ہی کے ذریعے عوام کے بیشتر مسائل حل کےئے جاسکتے ہیں ماضی میں بوگس اور غلط مردم شماری کی بنیاد پر ہمیں اپنے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا گیا جس کے نتائج ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ہمارے کروڑوں عوام کا مستقبل وابستہ ہے لیکن ملک کی آمرانہ حکومتیں اور حکمران پاک چین اقتصادی راہداری کی مغربی روٹ کی تعمیر کو پس پشت ڈال کر ملک میں نفرت اور تنگ نظری کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وصوبائی جمہوری حکومت بالخصوص پشتونخوامیپ کے وزراء ، مشیران اور ممبران اسمبلی نے جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں عوامی خدمت کو اپنی پہلی ترجیحی بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی سکیمات پر کام کیا ہے جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی ۔ لیکن ماضی میں کرپٹ حکومتوں بالخصوص جمعیت علمائے اسلام جو طویل عرصے تک ہر دور میں اقتدار کا حصہ رہی ہے نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے قومی سیاسی حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور عوامی سرکاری وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور کرپشن کمیشن اقرباء پروری کو فروغ دیکر سرکاری محکموں کو تباہی سے دوچار کیا لیکن پشتونخوامیپ نے تمام سرکاری محکموں کو عوام کی خدمت پر مامور کرکے بدنظمی کا خاتمہ کیا ۔