کوئٹہ: جلاوطن بلوچ رہنماؤں سے رواں ماہ کے دورانیہ میں حکومتی وقبائلی عمائدین پر مشتمل وفد لندن روانہ ہوگا۔ وفد خان آف قلات آغا سلیمان داؤد، نوابزادہ براہمداغ بگٹی سمیت دیگر رہنماؤں سے مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کریگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ قبائلی وفدجن میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر نواب ثناء اللہ خان زہری، نیشنل پارٹی کے سردار اسلم بزنجو، مشیر خزانہ میر خالدلانگو،رکن قومی اسمبلی نیشنل پارٹی سردار کمال خان بنگلزئی سمیت دیگرقبائلی وسیاسی شخصیات شامل ہیں یورپ جائینگے جو خان آف قلات آغا سلیمان داؤد، نوابزادہ براہمداغ بگٹی سمیت دیگر جلاوطن بلوچوں سے مذاکرات کرینگے ۔ سیاسی وقبائلی عمائدین پر مشتمل وفد کا یہ دوسرا دور ہوگا جو جلاوطن بلوچوں سے مذاکرات کیلئے یورپ جارہا ہے ‘جلاوطن بلوچوں کے خدشات و تحفظات کو دور کرنے کی مکمل یقین دہانی کی جائے گی، وفد کو وفاقی حکومت کا مکمل مینڈیٹ حاصل ہے جنہیں مکمل اختیار ات دیے گئے ہیں تاکہ وہ سیاسی عمل کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھاسکیں۔ حکومت کی ایک بااثر شخصیت نے کہاہے کہ جلاوطن بلوچ رہنماؤں میں سے کچھ شخصیات سے بات چیت میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور بہت جلد بلوچستان کے عوام اس حوالے سے خوشخبری سنیں گے۔