گوادر: میونسپل کمیٹی گوادر کی اپوزیشن جماعتوں کا مرکز اسلامی گوادر میں مشترکہ اجلاس‘ تین روزہ احتجاجی کیمپ اور اتحادی جماعتوں کے خلاف کورٹ جانے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر مرکز اسلامی گوادر میں میونسپل کمیٹی گوادر کے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان اور کونسلران کا اہم اجلاس منعقد ہوا ‘اجلاس میں اپوزیشن لیڈر و بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی خداداد واجو جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ بی این پی کے تحصیل صدر سرفراز تگاپی ڈاکٹر عزیز بلوچ میونسپل کمیٹی گوادر کے ہیلتھ کمیٹی چیئرمین جبار بلوچ عزیز گل شیر علی مسلم رسول بخش مطلب بلوچ حمیدہ بی بی عطاء اللہ جماعت اسلامی کے کونسلران حمیدلال اصغر طیب فرزانہ رمضان پاکستان مسلم لیگ ن کے ناگمان عبدل بلوچ مراد بخش اور نیشنل پارٹی کے مولابخش بلوچ قادر بخش اور کے بی بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی وائس چیئرمین اور ان کی اتحادی جماعتوں کے ناشائستہ رویے آمرانہ فیصلوں کو ایوان پر مسلط کرنا اور حالیہ اجلاس میں اکثریتی فیصلے کو نظر انداز کر کے ایوان پر آمرانہ فیصلہ کے تحت اسکیمات منظور کرنے کے خلاف آج میونسپل کمیٹی کے احاطے میں تین روزہ احتجاجی کیمپ لگانے اور حالیہ اپوزیشن کی جانب سے مسترد شدہ اسکیمات کو زبردستی منظور کئے جانے کے فیصلے کے خلاف کورٹ سے اسٹے آرڈر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے