|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2015

گنداواہ : رندقبیلے کے سربراہ وپی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سردار یار محمدرند نے کہا ہے کہ دنیا میں تبدیلی تعلیم ہی کے ذریعے لائی جاسکتی ہے ،آج کادور جدید ٹیکنالوجی کا ہے اور یہ صدی جنگ وجدل کی صدی نہیں ، ان قوموں نے ترقی کے منازل طے کی ہیں جنہوں نے تعلیم کو اپنا شعار بنایا، شہدائے رند کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے ننگ وناموس کیلئے جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان خیالات کا اظہارانہوں نے شوران میں شہدائے رند کی یاد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جلسے میں ملک بھر سے رند اقوام کے معتبرین عمائدین نوجوانان ودیگر نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی،سرداریارمحمدرند نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق ساحل ووسائل کا نعرہ لگانے والے بلوچستان کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی، انہوں نے کہا کہ میرا خواب تھا کہ بلوچ عوام اور غریب عوام کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کروں اسی سلسلے میں ایک معیاری اسکول شوران میں زیر تعمیر ہے، جس میں ریڑھی بان ، مزدور ، کلرک ، غریبوں کے بچے مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ کچھی کینال سے نو لاکھ ایکڑ اراضی آباد ہوگی لیکن آج تک کسی ایک بلوچ نے اس حوالے سے اخباری بیان تک نہیں دیا اور نہ ہی مظاہرہ کیا، نو لاکھ ایکڑ اراضی کے آباد ہونے سے خوشحالی آئے گی ، تعلیم اور صحت کی صفائی کے ساتھ ترقی ملے گی، مگر کسی نے آج تک یہ آواز بلند نہیں کی ، انہوں نے کہا کہ آج میں یہ اعلان کررہا ہوں چونکہ میں اب بوڑھا ہو چکا ہوں، آج کے بعد رند قومی اتحاد کا سر براہ میر سردار خان رند کو مقرر کرتاہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر چاروں صوبوں میں اپنے والی رند اقوام کو منظم کرنے اور ان کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے حوالے سے بہتر طور پر اقدامات کریں گے جبکہ اس حوالے سے وائس چیئرمین میر اورنگزیب بادینی کو مقرر کرتاہوں ، انہوں نے کہا کہ تمام رند اقوام کے عوام کو ہدایات جاری کی ہے کہ آج کے بعد تمام رند اقوام کے گھر پر پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرایا جائے اور اس حوالے سے بھر پور طریقے سے میرا ساتھ دیں کیونکہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ملک اور صوبے کے حالات تبدیل کئے جاسکتے ہیں۔ جلسے سے میر سردار خان رند، میر عبدالرحیم رند، میر حبیب رند ، میر اورنگزیب بادینی ، کرنل قذافی ، میر عنایت رند ، میر عبدالغفار رند، میر ظفر رند، ملک عبدالستار بادینی، کرم علی رند، عبدالغفور رند، زاہد علی رند ودیگر رند قبیلے کے معتبرین ، قبائلی عمائدین نے خطاب کیا، اس سے قبل شہدائے رند کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ، لنگر فی سبیل اللہ خیر وخیرات کرائی گئی اور آخر میں دعا مانگی گئی