گوادر: سیکرٹری فشریز ارشد علی بگٹی کا دورہ جیونی ،ماہی گیروں سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور مقامی منتخب نمائندوں سے ملاقات وکھلی کچہری سے خطاب ، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری فشریز بلوچستان ارشد علی بگٹی نے بدھ کے روز جیونی کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فشریز محمد نور، ڈائریکٹر فشریز قاضی اکبر اور عبدالحمید بھی ان کے ہمراہ تھے، سیکرٹری فشریز نے ماہی گیر نمائندگان ، غلام نبی ، عبدالرشید ، حاجی ابراہیم ، نیشنل پارٹی کے اسماعیل علی محمد، بابا مسعود جماعت اسلامی کے امام دلوشی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی جیونی منظورقادر سے ملاقات کرکے ماہی گیروں سے ان کے مسائل دریافت کئے، ماہی گیروں نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ محکمہ ماہی گیری جیونی نے مارچ 2015میں ایک ٹرالر غیر قانونی فشنگ وتعین کردہ حدود کی خلاف ورزی پر پکڑا تھا اس کے بعد ہاتھ پہ ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور ٹرالر مافیا ماہی گیروں کا معاشی قتل کررہاہے، انہوں نے کہا کہ عام طور پر جیونی میں سو کے قریب اہلکار تعینات ہیں لیکن کوئی بھی اپنی ذمہ داریاں سرانجام نہیں دے رہا، ماہی گیروں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ماہی گیری کے حوالے سے متعین کردہ بارہ ناٹیکل حدود کے اندر ٹرالر مافیا ماہی گیری کرتا ہے جس سے مقامی ماہی گیرنان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں، اس موقع پر سیکرٹری فشریز نے اپنی طرف سے مکمل تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ میں نے تعیناتی کے فوراً بعد بلوچستان کے پورے ساحلی علاقوں کادورہ کیا ہے اور آپ تک پہنچا ہوں، ہمارے پاس فورس موجود ہے لیکن وہ بے سروپا ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس کے پاس باقاعدہ اسلحہ ہو تاکہ یہ ٹرالرنگ مافیا کی سرکوبی کر سکیں، انہوں نے کہا کہ بارہ نائیکل میل کے اندر صرف چھوٹے کشتی بان وماہی گیر شکار کرسکتے ہیں اسکے علاوہ بڑی کشتیوں کو گہرے سمندر میں جانا ہوگا اور ان کویہاں پر کسی بھی طرح شکار کی اجازت نہیں دی جائیگی، ہم اس پر سختی سے کاربند ہیں اور اس میں میرامحکمہ ماہی گیروں کے مکمل ساتھ ہے