کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ ارباب کرم خان روڈ پر گاڑی پر فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کرانی روڈ گلشن اقبال کے رہائشی دوسگے بھائی جعفر عباس ولد سید اصغر شاہ اور تنویر عباس اپنی کار نمبرAAW512میں ارباب کرم خان وڈ سے گزر رہے تھے نامعلوم افراد نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا۔فائرنگ کے نتیجے میں جعفرعباس موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تنویر عباس شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں بھائی میڈیکل ریپ کا کام کرتے تھے اور گاڑی میں گھر کی طرف جارہے تھے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ یہ ایک ہفتے کے دوران ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل تین نومبر کی صبح جان محمد روڈ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔ دریں اثناء کالعدم جیش الاسلام نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔