سبی : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی چیف آرگنائزر و سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ساحل و وسائل کا نعرہ لگانے والے بتائیں انہوں نے عوام کو کیا دیا،صوبے کے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والوں نے عوامی مینڈیٹ کا اسلام آباد میں سودا لگا کر آتے ہیں ،ہر پانچ سال بعد سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں نے عوام کو صرف پسماندگی اور غربت کے کچھ نہیں دیا،آنے والے انتخابا ت میں عوام ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالیں تو عرش پر رہنے والوں کو فرش پر گرا دیں گے،صوبے میں 900گھوسٹ اسکولزکاوزیراعلیٰ کی جانب سے اعتراف بے بسی کی علامت ہے،تحریک انصاف ملک کے عوام کو کرپٹ اور بدعنوان نظام سے چھٹکارا دلاکر ہی دم لے گی ،اقتدار میں آکر عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے گاؤں تلی میں ملک اسفند سیلاچی کی سربراہی میں شمولیت کرنے والے ہزاروں افراد کے جلسہ عام سے خطاب میں کیا،قبل ازیں جلسہ عام سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی صدر قاسم سوری،میر بابر خان مرغزانی،نوابزادہ شریف جوگیزئی،ملک اسفند سیلاچی،میر عطااللہ کلپر بگٹی،تحریک انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر ملک فیصل دہوار،انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر داؤد شاہ،میر عبدالرحیم رند ،میر حبیب الرحمن رند و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہیں انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے جو صرف اپنا بینک بیلنس اور تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے حکمرانوں سے خیر و بھلائی کی توقعات رکھنا اپنے آپ کو اندھیرئے میں رکھنے کے مترادف ہے ،عوام گزشتہ65سالوں سے انتخابات کے عمل کا حصہ بننے کے باوجود آج بھی ان کی حالت زار انتہائی ناگفتہ بہ ہے جس کے ذمہ دار ظالم ،کرپٹ اور نااہل حکمران ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ساحل ووسائل کا نعرہ دئے کر ان سے ووٹ حاصل کرنے والے بتائیں کہ انہوں نے گزشتہ 65سالوں سے عوام کو کیا دیا ہے صوبے کے عوام آج بھی مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے صوبے کا ہردوسرا شہری ہیپا ٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہوکر جان دینے پر مجبور ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں اس کے علاوہ صوبے کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جانب سے صوبے میں 900پرائمریاسکولوں کو بوگس قرار دینے کا بیان بھی صوبے کے عوام اور حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھائے رہیں انہوں نے کہا کہ میرا پی ٹی آئی میں شمولیت کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے بلوچستان میں ہونے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کا ازالہ کرسکیں اور پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان صوبے کے مسائل کے حل میں دلچسپی رکھتے ہیں جو یہاں کے عوام کے معیار زندگی کو بلند بنانا چاہتے ہیں اور یہ سب ممکن اس وقت ہوگا جب صوبے کے عوام عمران خان کے ہاتھ مضبوط بنائیں گے اور آنے والے انتخابات میں صادق و امین اور مخلص قیادت کو ووٹ دئے کر ان کے انتخاب کو یقینی بنائیں گے جس کے بعد عرش پر رہنے والو ں کافرش پر گرنے میں دیر نہیں لگے گی انہوں نے کہا ہر پانچ سال بعد سیاسی وفاداریاں تبدیل کرکے صرف ذاتی مفادات کی خاطر پارٹیوں میں جانے والوں نے صوبے کے عوامی مینڈیٹ کو داؤ پر لگا دیا ہے جو صوبے کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کی بجائے عوامی میندیٹ کا اسلام آباد میں سودا لگا کر آتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک سمیت بلوچستان میں حقیقی معنوں میں تبدیلی کی خواہاں ہے اور آج سے 19سال قبل عمران خان نے تنہاء نکل کر تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اور آج پورئے ملک کے عوام اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑئے ہیں انشااللہ آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہوگا اور صوبے کے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے ۔