|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2015

کوئٹہ :  ماڑی گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی اہل علاقہ کوگیس اور دیگر سہولتیں فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہارزرغون غر کے سردار عبداللہ جان دمڑ، ملک عبدالواحد دمڑ اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 16سال سے ماڑی گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی علاقے سے گیس نکال کر دیگر علاقوں کو گیس کی سپلائی کر رہی ہے لیکن انکا علاقہ تاحال اس سہولت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے انکی زمینوں پر قبضہ کیا ہے لیکن انہیں تاحال اسکا معاوضہ نہیں دیا جا سکااور نہ ہی علاقے میں تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں فراہم کی جا سکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی عوام کو نظرانداز کرکے باہر کے لوگوں کو ملازمتوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کوئٹہ شہر سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ لیکن سڑک کی صورتحال انتہائی ناگفتہ ہے۔ چھوٹی سی بیماری کے لئے انہیں کوئٹہ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطابہ کیا کہ اہل علاقہ کو سہولتوں سمیت انکی زمینوں کی معاوضہ ادائیگی، روزگار کے مواقع، روڑ، بجلی، گیس، صحت، تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مذکورہ کمپنیوں پر زور ڈالے۔ بصورت دیگر وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔