کوئٹہ: کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت یک دسمبر تک ملتوی کر دی۔نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کے جج جان محمد گوہر نے کی ۔سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ، سابق وزیر داخلہ بلوچستان شعیب نوشیروانی ، پرویز مشرف کے وکیل سعید اختر شاہ اور مدعی کے وکیل سہیل راجپوت عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل سعید اختر شاہ نے اپنے مؤکل کی بریت کی درخواست پر دلائل دیئے اور کہا کہ اکبر بگٹی کو مارنے والے ہتھیار کا ایف آئی آر میں ذکر تک نہیں کہ کون سے ہتھیار استعمال ہوئے جبکہ مقتول کی موت کی وجوہات بھی ظاہر نہیں کی گئیں ۔اس کے ساتھ لاش بھی نہیں دکھائی ۔کیس سے منسلک تین گواہان لیویز افسر کریم بخش ،اے ایس آئی ظفر عباس اور پولیس اہلکار خورشید احمد بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا جبکہ مدعی کے وکیل نے دلائل دینے سے معذرت کرتے ہوئے اگلی پیشی تک کی مہلت مانگ لی ۔جس پر جج جان محمد گوہر نے کیس کی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔