|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی شدید نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں قمبرانی روڈ پر وزیر باغ کے قریب سڑک کے درمیان اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا اور اس وقت دھماکا کیا جب وہاں سے پولیس ون فائیو مدد گار کی گشت پر معمور گاڑی گزررہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی جبکہ اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے کو بھی نقصان پہنچااور گاڑی میں سوار تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا جبکہ واقعہ کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شرو ع کردی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں پولیس حوالدار (بیلٹ نمبرHC1652)محمد اسحاق ولد عبدالرحیم کرد سکنہ کلی شاہنواز ، سپاہی بیلٹ نمبر C5181غلام فرید ولد کریم بخش رئیسانی سکنہ رئیسانی روڈاورسپاہی ڈرائیور بیلٹ نمبرC1366عبدالغنی ولد عبدالمجید کھوسہ سکنہ سریاب روڈ شامل ہیں ۔ تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ا یس ایس پی آپریشنز وحید خٹک نے جائے وقوعہ کے معائنہ کے بعد میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا۔ تین سے چار کلو وزنی بم سڑک کے درمیان سٹریٹ لائٹ کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا ۔