تربت : نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور صوبائی اسمبلی حلقہPB-50کیچIIIکے امیدوار کہدہ محمد اکرم دشتی نے کہاکہ 31دسمبر کوہونے والے ضمنی الیکشن میں عوام چمک دمک اور موسمی امیدواروں کومسترد کردیں گے ‘ جو لوگ10سال تک حلقہ میں کسی فاتحہ پربھی آنے کی زحمت نہ کرسکے اور جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کوبھلا دیاتھا31دسمبر کو عوام انہیں بھلادیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما قاضی غلام رسول بلوچ اور محمدجان دشتی بھی موجودتھے ‘ کہدہ محمد اکرم دشتی نے کہاکہ ڈھائی سال تک حلقہ کے عوام کوبھول جانے والے اور10سال تک وزارتوں کے مزے لوٹنے والوں کو عوامی خدمت کا خیال نہیں آیا ‘ عوامی فنڈز کو جعلی اسکیموں کے نام پر شیرمادر سمجھ کر ہضم کرنے والوں کو آج عوام کاغم کھائے جارہی ہے انہوں نے کہاکہ جن پارٹیوں کی پورے صوبائی اسمبلی کے حلقہ میں ایک بلدیاتی کونسلر بھی نہیں وہ آج عوامی حمایت کے دعویداربن بیٹھے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم پر ٹرانسفر پوسٹنگ اور دھاندلی کاالزام لگانے والے یہ حقیقت جان لیں کہ جن کے ساتھ عوام ہوتی ہے انہیں دھاندلی یا سرکار کے سہارے کی ضرورت نہیں ہوتی ‘دھاندلی وہ کرتے ہیں اور سرکار کا سہارا وہ لیتے ہیں جن کا رشتہ عوام کے ساتھ نہ ہو ‘ نیشنل پارٹی کی جڑیں عوام میں مضبوط ہیں ہمیں عوامی قوت پر یقین ہے نیشنل پارٹی ایک منظم تنظیم رکھتی ہے انہوں نے کہاکہ اس بار پیسہ لٹانے والوں کو عوام مایوس کردیں گے اس لئے وہ اپنا پیسہ مفت میں ضائع نہ کریں اس بار ٹھپہ ماری بھی نہیں چلے گی ‘ عوام نیشنل پارٹی کے ساتھ ہیں کامیابی ہماری ہے ۔