کوئٹہ: آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی اور لوکل بس ایسوسی ایشن کی جانب سے کوئٹہ کراچی سمیت دیگر قومی شاہراہوں پر ایف سی کے ناروا رویئے اور ٹائم ٹیبل کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور حکومت وضلعی انتظامیہ کے خلاف ناروا رویئے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی گئی۔مظاہرے سے آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے صدر میر حکمت لہڑی ، عبداللہ کرد،لوکل بس ایسوسی ایشن کے چیئرمین بابو شفیع لہڑی اور شیر محمد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹروں کے ساتھ جو ناروا سلوک کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کے بعد ٹرانسپورٹر اس حالات پر پہنچے کہ ہم احتجاج کریں کیونکہ احتجاج کے علاوہ ہمارے ساتھ کوئی اور راستہ نہیں انہوں نے کہا کہ آج بروز منگل کوئٹہ کراچی سمیت تمام قومی شاہراہوں پہیہ جام ہڑتال کیا جائیگا اور اگر پھر بھی ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو ہم بھر پور احتجاج کرنے پر مجبور ہو نگے ،انہوں نے کہا کہ مسافر کوچز کو باربار چیکنگ کے بہانے کھڑا کرنے یہاں تک کے ہماری ایسی گاڑیوں پر کیس کیاگیا جن میں صرف بسکٹ جیسی اشیاء خوردنوش کی چیزیں تھیں جبکہ گزشتہ ادوار میں بلوچستان پیکج اور آغاز حقوق بلوچستان کے اعلانات کرتے وقت ان چیک پوسٹوں کو نیشنل ہائی ویز سے ہٹانے کا فیصلہ کیاگیاتھا، لیکن وہ تمام چیک پوسٹیں دوبارہ قائم کی گئیں، پتہ نہیں چل رہا کہ کسٹم ایکٹ کن کی ذمہ داری اور کون کون نبھا رہے ہیں، لہٰذا وفاق اس کی وضاحت کرے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک روٹ کی مسافر بس کو صرف ایک بار چیک کیا جائے اور کانوائے کے نام پر مسافر کوچز کو میاں غنڈی ، لک پاس ٹنل ، کولپور اور سبی کے مقام پر کئی گھنٹوں تک روکنا مناسب نہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ٹائم ٹیبل کی خلاف ورزی اور2006 سے گاڑیوں کی روٹ پرمٹ کینسل کرنے کی بھی شدید الفاط میں مذمت کر تے ہیں ایک سال قبل وزیر ٹرانسپورٹ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے کہنے پر پرانے گاڑیوں کی مرمت کر دی مگر اب ایک نئے پالیسی بنا کر ٹرانسپورٹروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر متعلقہ پالیسی کو واپس نہ لیا گیا تو ٹرانسپورٹر اس کے خلاف بھر پور لائحہ عمل طے کریں گے۔اس سے قبل آل ٹرانسپورٹرز اتحاد کا ہنگامی احتجاجی اجلاس کراچی روٹ کے صدر میر حکمت لہڑی کی صدارت میں جس میں چیئرمین عبداللہ کرد آل پاکستان ٹرانسپورٹ کے میر دولت علی لہڑی، تفتان ، نوشکی خاران ، چاغی کے حاجی جمعہ خان بادینی،سردار صابر ریکی ، حاجی گل محمد ، حاجی اللہ بخش ، حاجی عبدالمالک محمدحسنی، مکران روٹس کے میر مقبول لہڑی ، محمداسماعیل مینگل، (ر)میجر سید محمد، سبی نصیر آباد ، سندھ پنجاب روٹس کے میر فائق مری، محمد الیاس مینگل ،میر احسان لہڑی، کوئٹہ سٹی لوکل روٹس کے حاجی محمد افضل شاہوانی ، بابو شفیع لہڑی سمیت درجنوں ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں آل پاکستان آئل ٹینکر اونر ز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی مشترکہ پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا دریں اثناء بلوچستان گڈز ٹرک اونر ز ایسوسی ایشن (ر) کے مرکزی سیکرٹری جعفر خان کاکڑ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی محمد گل کاکڑ سے آل بلوچستان ٹرانسپورٹر الائنس کے حاجی میر دولت علی لہڑی کی قیادت میں ٹرانسپورٹروں کے وفد نے ملاقات کی اور گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مکمل پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تمام ٹرک مالکان گڈز کمپنی مالکان کو ہدایت کرتے ہوئے لوڈنگ ان لوڈنگ مکمل طورپر بند ر کھیں ۔