کوئٹہ: کوئٹہ میں بارش اور برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ مستونگ، زیارت، کان مہترزئی اور دیگر علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ۔ کوئٹہ چمن شاہراہ پر پھسلن کے باعث ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کوئٹہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور رات گئے کوئٹہ کی فضاؤں پر گہرے بادل چھا گئے۔ بدھ کی علی الصبح برفباری شروع ہوئی جو تقریباً دس بجے تک جاری رہی ۔ برفباری کے بعد کوہ چلتن، کوہ مہرداراور دیگر پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی جس سے وادی کوئٹہ کی دلکشی میں اضافہ ہوگیا۔حسین موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے شہروں کی بڑی تعداد نے ہنہ جھیل، ہنہ اوڑک، تکتو ، ہزارگنجی نیشنل پارک کے علاوہ تفریحی مقامات اور پارکوں کا رخ کیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ پرنس روڈ، ایئر پورٹ روڈ ، کچلاک اور شہر کے دیگر مقامات پر واقع کھانے پینے کے مراکز کا بھی رخ کیا اور گرما گرم کھانوں سے سردی کا مقابلہ کیا۔ پرنس روڈ پر مچھلی ، سجی اور چپلی کباب کی دکانوں پر رش دیکھنے کو ملا۔ اسی طرح شہریوں نے گرما گرم جلیبی، پکوڑوں اور سموسوں پر بھی ہاتھ صاف کیا۔ برفباری کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی جس کے باعث گرم کپڑوں کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ریڑھی پر جیکٹس ، دستانے اور مفلر فروخت کرنے والوں کی بھی چاندی ہوگئی۔ لیاقت بازار، عبدالستار رو ڈ اور دیگر علاقوں میں قائم مارکیٹوں میں گرم کپڑوں اور جیکٹس کی خریداروں کا رش دیکھنے کو ملا۔ ادھر سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس غائب ہوگئی۔ بیشتر علاقوں میں پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ متبادل ایندھن کے استعمال پر مجبور ہوگئے۔ ایل پی جی گیس، کوئلہ اور لکڑی کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا۔دریں اثناء قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ،زیارت اور مستونگ میں بھی برفباری ہوئی ۔ قلعہ عبداللہ کے پہاڑی سلسلوں پر برف پڑنے سے سڑکوں پر گاڑیوں کی پھسلن سے ڈرائیور پریشان نظر آئے۔ زیارت میں بھی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ژوب میں پانچ ملی میٹر بارش ہوئی۔ جبکہ سب سے زیادہ سردی قلات میں منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت دوسینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سات سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں جمعہ تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔