|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2015

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کسٹم حکام اور ایف سی کی جانب سے بوستان ضلع پشین میں تاجروں کے تجارتی گودام پر چھاپے اور خوارک کی اجناس ودیگر تجارتی اشیاء کو لوٹنے کے غیر آئینی قاونونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وفاقی وزرات داخلہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوا میں کسٹم حکام اور ایف سی کے غیر قانونی اور عوام دشمن کا رروائیوں کا فوری نوٹس لیکر اپنی ان عوام دشمن کارروائیوں سے روکیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کسٹم حکام اور ایف سی نے ہمارے صوبے میں اپنی متبادل حکومت قائم کرکے عوام دشمن کا روائیوں اور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور صوبائی اضلاع کی سطح پر صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی متبادل طاقت کے زریعے اپنی الگ حکمرانی مسلط کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی اور کسٹم وفاقی ادارے ہیں جن کا ملکی آئین کے تحت ذمہ داریاں اورڈیوٹی واضح ہے جس میں بارڈر ایرایا کے علاوہ باقی صوبے میں صوبائی حکومت کی احکامات کے بغیر کسی قسم کا کوئی اختیار حاصل نہیں لیکن ہمارے صوبے میں ان دو وفاقی اداروں نے تمام معاملات کو زبردستی اپنے ہاتھوں میں لیکر عوام ،تاجروں دکانداروں کو تجارت کاروبار سے روک کریومیہ کروڑوں روپے ناجائز طریقے سے صوبے میں بٹورنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور صوبے کا ہر شہری اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ ایف سی اور کسٹم حکام صوبے میں غیر قانونی طریقوں ،غیرآئینی کاروباری سرگرمیوں سے ہر روز کروڑوں روپے پر مجموعی عوام اور تاجروں سے لوٹ رہے ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی اور کسٹم حکام نے صوبائی حکومت صوبائی اسمبلی کے فیصلوں اور صوبائی خود مختاری اور آئین وقانون کی پامالی شروع کررکھی ہے ۔کوئٹہ شہر جنوبی پشتونخوا کی دیگر شہروں ،کوئٹہ چمن شاہراہ اور صوبے کے دیگر شاہراہوں اور شہروں پر قبضہ کررکھا ہے اور تجاری سرگرمیاں عوام کی آمدروفت اور کسٹم حکام اور ایف سی کے بغیر ناممکن ہوچکی ہے۔صوبے کے تاجر عوام ان وفاقی اداروں کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ آئے روز کوئٹہ شہر اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر تاجروں دکانداروں کا تجارتی سامان کسٹم حکام اور ایف سی کے ہاتھوں لوٹنے کے اقدامات سرعام جاری ہے اور گزشتہ روز بوستان ضلع پشین میں بھی ایف سی اور کسٹم حکام نے قانون اپنے ہاتھوں میں لیکر تاجروں کے گوداموں کو لوٹنے کے غیر قانونی اقدام اٹھایا جس پر پشتونخوا میپ اور دیگر سیاسی پارٹیوں ،تاجروں ،عوا م نے کچلاک کے مقام پر احتجاج کرکے ایف سی اور کسٹم حکام کے اس غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔