|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ میں خاتون نے پسند کی شادی نہ ہونے پر محبوب کی بیوی پر تیزاب پھینک دیا، تیزاب سے بیس سالہ آمنہ بی بی جھلس کر شدید زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کلی شابو میں پیش آیا جہاں جان بی بی نامی ملزمہ نے ایک گھر کے دروازے پر دستک دی اور مردم شماری کے بہانے بیس سالہ آمنہ کو بلاکر اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب سے آمنہ کا چہرا بری طرح متاثر ہوا اور اسے شدید زخمی حالت میں بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بی ایم سی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایوب کے مطابق ماثرہ خاتون کو اسپتال کے برن آئی سی یو وارڈ منتقل کردیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ آمنہ کے جسم کا بیس فیصد حصہ متاثر ہوا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ جان بی بی کو جائے واردات سے کچھ فاصلے پر رکشے میں فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمہ سے تیزاب کی بوتل اور دستانے بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ تیزاب سے ملزمہ کے بازو پر بھی زخم آئے ہیں۔ تعاقب کرتے ہوئے پولیس کی گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کو تفتیش کیلئے سٹی تھانے میں قائم وومن سینٹر منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ملزمہ جان بی بی متاثرہ خاتون آمنہ بی بی کے شوہر سرکاری آفیسر ثاقب سے محبت کرتی تھی ۔ دونوں کے درمیان چار سال سے رابطہ تھا۔ ثاقب نے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل کسی اور خاتون سے شادی کی۔ جس پر ملزمہ جان بی بی نے غصے میں آکر ثاقب کی اہلیہ پر تیزاب پھینک کر محبت کی ناکامی کا انتقام لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس نے تیزاب سرکی روڈ کے ایک دکان سے لیا اور کچرہ چننے والی ایک ایک نو عمر لڑکی کی مدد سے واردات کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو تیزاب فروخت کرنے والے دکاندار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔