|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے نئے قائد ایوان اور اسپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا۔ دونوں عہدوں کیلئے امیدواروں کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے اور دو الگ الگ سیشنز میں انتخاب بھی آج کے دن ہی ہوگا۔ سیکریٹری بلوچستان اسمبلی اعظم داوی نے بتایا کہ گورنر بلوچستان نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج جمعرات کی صبح طلب کیا ہے جس میں پہلے مئی سے اب تک خالی اسپیکر کے عہدے پر امیدوار کا انتخاب ہوگا اس کے بعد قائد ایوان (وزیراعلیٰ ) کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جائیگا۔ اسپیکر کے عہدے کیلئے ہم نے جو شیڈول گورنر بلوچستان کو منظوری کیلئے بجھوائے ہیں ۔ اس کے بعد صبح دس سے گیارہ بجے اسپیکر کیلئے امیدواروں کی جانب کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے ۔اس کے بعد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ اسپیکر کا انتخاب اسمبلی کے لئے اسمبلی کا اجلاس دوپہر بارہ بجے منعقد ہوگا۔ اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ ایک بجے تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد قائد ایوان کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ایک بجے سے لیکر تین بجے تک وصول کئے جائیں گے۔ تین بجے سے چار بجے تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ چار بجے اسمبلی کے اگلے سیشن میں قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔ اگر ایک سے زائد امیدوار ہوئے تو باقاعدہ ووٹنگ ہوگی ۔ اگر ایک ہی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تو وہ بلامقابلہ منتخب ہوجائے گا تاہم اس کے باوجود بھی اسے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔