|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2015

گوادر : حکومت اور انتظامیہ بے حس ہوچکی آنکارہ کورڈیم خشک ہوچکا پانی کی شدید قلت اور بحران سے شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں‘ حکومت عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں‘ ضلع گوادر کو آفت زدہ قرار دیکر گوادر کو ہنگامی بنیادوں پر میرانی ڈیم سے پانی فراہم کیا جائے پاک فوج اپنی نگرانی میں عوام کو پانی کی رسد پہنچائے ترقی کی بلند بانگ دعوے کرنے والوں کے ڈھائی سالہ کارکردگی مایوس کن رہی اگر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا‘ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام گوادر میں پانی کی قلت اور شدید بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور پریس کانفرنس سے مقررین کا خطاب‘ اسلامی حلقہ خواتین گوادر نے گوادر پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے‘ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی فاطمہ ثمینہ سعید ، یاسمین اچکزئی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گوادر میں ترقی کے بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے نہیں تھکتی لیکن یہاں کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آنکارہ کور ڈیم خشک ہوچکاہے پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرچکا ہے مگر حکومت اور انتظامیہ کی بے حسی اورنااہلی کی وجہ سے اس مسئلے کے حل کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کا دعویٰ کرنے والے صوبے کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلع گوادر کے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا لوگ حصول پانی کیلئے دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر صوبائی وزیر اعلیٰ سمیت علاقے کے منتخب نمائندوں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے فوری طورپر گوادر میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا تو جماعت اسلامی شدید احتجاج کرے گی‘ دریں اثناء جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے گوادر میں پانی کا بحران اور شدید قلت کے خلاف حکومت و انتظامیہ کی نااہلی پر گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی صوبائی فاطمہ ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ گوادر میں پانی کا بحران حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبل ازیں بھی گوادر میں 3سال پہلے پانی کا بحران پیدا ہوا تھا مگر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دیا اب آنکارہ کورڈیم خشک ہوچکا ہے گوادر اور گرد ونواح میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے مگر صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت علاقے کے منتخب نمائندوں کی نااہلی سے یہ مسئلہ مزید خراب ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر فوری طور پر اس بحران پر قابو نہیں پایا گیا تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کا بندوبست کیا جائے گوادر کو آفت زدہ قرار دیکر شہریوں کے تمام حکومتی و اجبات معاف کئے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج اپنی نگرانی میں ہنگامی بنیادوں پر گوادر کے شہریوں کو پانی کی رسد پہنچانے کا اہتمام کرے اور چائنیز کمپنی کی بھاری مشینری سے آنکارہ کورڈیم کی صفائی و ستھرائی اور اسے لیول کر نے کے انتظامات کئے جائیں ۔