|

وقتِ اشاعت :   December 26 – 2015

 لاہور: پولیس نے شاہین ایئر حادثہ کیس کا چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جس میں طیارے کے پائلٹ کیپٹن عصمت محمود کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ لاہورکی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شاہین ایئرحادثے کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران پولیس نے چالان پیش کردیا، چالان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم عصمت محمود تفتیش میں قصوروار پایا گیا ہے، اس نے شراب کے نشے میں جہاز اڑایا اور120 سے زائد مسافروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ ایسا کرکے اس نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 30 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھجوا دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شاہین ایئرکا بوئنگ 737 طیارہ لاہورایئرپورٹ کے رن وے پراترنے کے بعد توازن کھو کر بائیں جانب مڑکررن وے سے اترگیا تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔